ویب ڈیسک: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر پابندی لگانا کسی بھی اعتبار سے معقول اقدام نہ ہوگا۔
تفصیلا ت کے مطابق اپنے ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوست میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے الزام کے تحت ٹک ٹاک پر پابندی لگانا لازم ہے تو پھر فیس بک پر بھی پابندی لگائی جائے کیونکہ جمہوریت دشمن ہونے میں تو یہ بھی کم نہیں۔
امریکا کے سابق صدر نے کہا کہ فیس بک حقیقی معنوں میں عوام دشمن ہے۔ ٹک تاک پر پابندی لگانے سے فیس بک کو زیادہ مضبوط ہونے کا موقع ملے گا۔
سابق امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں حقیقی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے معیار بلند کرنا پڑے گا۔ پابندیاں لگانے سے مطلوب مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے۔
یاد رہے کہ امریکا میں بچوں کے ذہنوں پر سوشل میڈیا کے شدید منفی اثرات کے خلاف تشویش اب نمایاں ہوچلی ہے۔ والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ریگیولیٹ کیا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم اور مستقبل کی تیاریوں پر اُن کے منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ امریکا بھر میں شہری آزادیوں کے علم بردار سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
فیس بک کے مالک مارک زکربرگ نے گزشتہ ماہ امریکی سینیٹ میں حاضر ہوکر بچوں کی تربیت پر سوشل میڈیا اور بالخصوص فیس بک کے شدید منفی اثرات پر والدین سے معافی مانگی تھی۔