شہزادی کیٹ کے لاپتہ ہونے کی وجہ شہزادہ ولیم کا افئیر؟

04:00 PM, 15 Mar, 2024

ویب ڈیسک: برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم کے افیئر کی افواہیں، جنہیں اس سے قبل شاہی محل کینسنگٹن پیلس کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد نظر انداز کر دیا گیا تھا، ایک بار پھر عالمی جریدوں کی شہہ سرخیوں میں نظر آ رہی ہیں۔

معروف امریکی ٹی وی پروگرام ’لیٹ شو ود سٹیون کولبیئر‘ میں میزبان کی جانب سے بدھ کو اس مبینہ افیئر کے تناظر میں شہزادی کیٹ مڈلٹن کے عوامی زندگی سے غائب رہنے پر تبصرے نے ایک بار پھر شاہی محل کے شعبہ تعلقات عامہ (پی آر) کی نیندیں حرام کر دیں۔

میزبان سٹیون کولبیئر نے شو کے آغاز میں کہا: ’کیٹ مڈلٹن کے بظاہر منظر عام سے ہٹ جانے سے برطانوی بادشاہت میں پوری طرح اضطراب پھیل گیا ہے۔‘ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ’انٹرنیٹ سلیوتھس (سراغ رساں) اندازہ لگا رہے ہیں کہ کیٹ کی غیر موجودگی کا تعلق ان کے شوہر اور انگلینڈ کے مستقبل کے بادشاہ ولیم کے کسی اور سے تعلقات سے ہو سکتا ہے۔‘

اس کے بعد سے سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے سازشی نظریات کا سیلاب امڈ آیا جس میں صارفین کرسمس کے دن کے بعد سے کیٹ مڈلٹن کے منظر عام سے غائب ہونے پر طرح طرح کی چہ مگوئیاں کر رہے ہیں۔

نیوز ویک کے مطابق اس میں سے کچھ قیاس آرائیوں میں یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ شاہی جوڑا طویل عرصے سے جاری اس افیئر کی افواہوں کی وجہ سے خفیہ طور پر طلاق لے رہا ہے تاہم کسی بھی ثبوت سے اس دعوے کی تائید نہیں ہوتی اور محل کی طرف سے بھی اس کی تردید کی گئی ہے۔

اس مبینہ افئیر اور شہزادی کے غائب ہونے کی خبروں کو دا گارڈین، نیویارک پوسٹ، ای ٹی، کاسموپولیٹن، ٹی ایم زیڈ اور اوکے میگزین نے بھی خبروں میں شامل کیا۔

2019 میں ’دا سن‘ میں شائع ہونے کے بعد یہ خبر پہلی بار عوام کے کانوں تک پہنچی تھی۔

چند دن بعد میگزین ’اَن ٹچ‘ نے اس مبینہ افیئر کی مزید تفصیلات شائع کیں جس کے بعد شاہی محل کو خود مداخلت کرنا پڑی، جس نے اسے ’مکمل طور پر غلط اور جھوٹی افواہ‘ قرار دیا۔

2019 کے بعد سے مرکزی دھارے میں شامل برطانوی میڈیا اور بہت سے امریکی آؤٹ لیٹس نے شاہی محل کے احترام میں اس مبینہ افیئر پر کچھ بھی بات کرنے سے گریز کیا ہے ۔

مزیدخبریں