ویب ڈیسک: شیرافضل مروت کا سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد بارے بیان کا معاملہ ،سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا ناراض ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا خان نے آج پی ٹی آئی کے زیراہتمام اسلاموفوبیا کے حوالے سے تقریب میں شرکت بھی نہیں کی،پی ٹی آئی کی جانب سے حامد رضا کو باضابطہ دعوت نامہ بھیج دیا تھا، حامد رضا کا نام تقریب کے اسپیکرز میں بھی شامل تھا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق حامد رضا شیرافضل مروت کے بیان کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے، حامد رضا گذشتہ روز پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں بھی شکایات کرچکے ہیں ،شیر افضل مروت کے دیے گئے بیان پر صاحبزادہ حامد رضا نے جواب بھی دے دیا ۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست اپنے معاملات گھر میں ہی حل کریں تو بہتر ہے، سنی اتحاد کونسل کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی نے کیا تھا ، میری طرف سے کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی، انتخابی نشان سے لے کر مخصوص نشستوں تک میرے پاس بتانے کو بہت کچھ ہے۔
حامد رضا نے مزید کہا کہ اگر میں نے بھی ٹاک شوز میں بیٹھ کر کچھ بول دیا تو کئی لوگ شکل دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے، میری کمٹمنٹ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی، میں فضول کی میڈیا پبلسٹی کے لئے بانی پی ٹی آئی کا برا نہیں سوچ سکتا صرف اسی لئے خاموش ہوں، ہدایات لے کر پھوٹ مت ڈلوائیں۔