مجھے اور میرے شوہر کی جان کو خطرہ ہے ، دعا زہرہ
01:28 PM, 15 May, 2022
لاہور: دعا زہرہ نے ویڈیو پیغام میں اپنی اور شوہر کی جان خطرے میں ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جا کر ظہیر احمد سے نکاح کرنے والی دعا زہرہ نے اپنی اور شوہر کی جان خطرے میں ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ دعا زہرہ نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھے اور میرے شوہر کی جان کو خطرہ ہے ، میں کراچی سے لاہور اپنی مرضی سے آئی اور مرضی سے نکاح کیا تھا،پاکستان کا قانون مجھےاجازت دیتا ہے جہاں چاہوں جاسکتی ہوں۔ دعازہرہ نے کہا کہ میں عدالت میں اپنے شوہر کے حق میں بیان ریکارڈ کروا چکی ہوں،پھر بھی سندھ اور پنجاب کی پولیس مجھے اور میرے شوہر کو ہراساں کر رہی ہے اور غیر قانونی طور پر ہمیں تلاش کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس مجھے اور میرے شوہر کو اغواء کرکے کراچی لے جانا چاہتی ہے اگر ہمیں کچھ بھی ہوا تو ذمہ دار سندھ، پنجاب پولیس اور میرے ماں باپ ہوں گے۔ دعا زہرہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میرے والدین کو میری پسند کی شادی کا پہلے سے پتا تھا اور میں گھر سے نکلنے سے پہلے ایک خط والدین کے نام چھوڑ کر آئی تھی جس میں گھر سے جانے کی وجہ بتا دی تھی، میں اپنے سسرال میں اپنے شوہر کے ساتھ بہت خوش ہوں، ہمیں سکون کی زندگی جینے دی جائے۔ دعا زہرہ کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میرے سسرال والوں کو گینگ کہنے کی خبریں سب جھوٹ ہیں یہ لوگ انتہائی شریف لوگ ہیں اور میرے والدین سے بھی زیادہ اچھے ہیں ۔ خیال رہے کہ دعا زہرہ کے والد نے بیٹی کی بازیابی کیلئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایچ او الفلاح اور تفتیشی افسر کو دعا زہرہ کو بازیاب کرانےکا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے لڑکی کے شوہر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔