ڈراما نگار شعیب ہاشمی انتقال کر گئے

04:51 PM, 15 May, 2023

احمد علی
پاکستان کے نامور اداکار اور ڈراما نگار شعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد آج سہہ پہر کو 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اداکار کے انتقال کی خبر سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کی ہے ، شعیب ہاشمی معاشیات کے پروفیسر بھی رہ چکے ہیں وہ آرٹسٹ اور ماہر تعلیم سلیمہ ہاشمی کے شوہر تھے۔ پی ٹی وی کا کہنا ہے کہ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے معاشیات میں ماسٹرز کیا ہے ، لندن اسکول آف اکنامکس سے ایم ایس سی کیا اور لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس سے تھیٹر کی تعلیم بھی حاصل کی تھی ۔ 2012 میں شائع ہونے والی شعیب ہاشمی کی ڈان پروفائل کے مطابق انہیں 1990 کی دہائی سے قبل ٹی وی پروڈکشنز سچ گپ، آکڑ بکڑ، تال مٹول اور بلیلا کےعلاوہ دی نیوز اور گلف نیوز کے لیے لکھے گئے کالم کیلئے یاد کیا جاتا ہے۔ شعیب ہاشمی نے تھیٹر کیلئے بھی لکھا اور چند کتابوں کا ترجمہ بھی کیا ہے۔ سانگ فار دس ڈے: فیض احمد فیض کی 52 نظمیں (A song for this day: 52 poems by his father-in-law Faiz Ahmed Faiz) ان کے قابل ذکر ترجموں میں سے ایک تھا۔ اردو میں ڈراما نگاروں اور ڈراموں کی اشاعت کی کمی کی وجہ سے انہوں نے مقامی تھیٹرز کے لیے انگریزی ڈراموں کے کئی ترجمے کیے۔ شعیب ہاشمی نے 1970 کی دہائی میں پی ٹی وی کے لیے ابتدائی طنزیہ پروگرام کے لیے اسکرپٹ بھی لکھا، انہوں نے آخری بار 1979 میں ٹی وی سیریل ’بلیلا‘ میں کام کیا تھا جس پر ضیاء آمریت نے پابندی لگا دی تھی۔
مزیدخبریں