کورکمانڈر کانفرنس: آرمی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ
09:37 PM, 15 May, 2023
راولپنڈی : پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے اتفاق کیا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت انصاف کے کٹہرےمیں لایا جائیگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، فورم کو اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فورم نے سیاسی مقاصد کے لیے پیدا کی گئی پچھلی چند روزہ امن و امان کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے شرکاء کو شہداء کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کے مربوط توڑ پھوڑ منصوبے پربریفنگ دی گئی۔ فورم نے موجودہ سیاسی عدم استحکام سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ کور کمانڈرز نے عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری حکام نے کہا کہ پروپیگنڈا کا مقصد مسلح افواج اور عوام کے درمیان اور مسلح افواج کے رینک اور فائل میں دراڑ پیدا کرنا ہے۔ فورم نے معاشی سرگرمی کو نئی توانائی سے شروع کرنے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ دشمن قوتوں کے ایسے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ فورم نے جمہوری عمل مضبوط بنانے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔