مقدمات سےتھک گئے،اس سےبہتر ہےسزا دی جائے: شیخ رشید

08:42 AM, 15 May, 2024

This browser does not support the video element.

ویب ڈیسک:  سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ ہم ان مقدمات سے تھک گئے ہیں، اس سے بہتر ہے کہ ہمیں سزا دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم ان مقدمات سے تھک گئے ہیں ، ابھی تین مقدمات میں اسلام آباد پیشی ہے، ہم اس روز روز کی چک چک سے تھک گئے ہیں۔بے نظیر بھٹو ٹھیک تھی اس نے فوری ہمیں سزا دی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے گھروں میں ریڈ کرتے ہیں،بچوں کو لے جاتے ہیں اور خود ہیجڑوں سے مار کھاتے ہیں، برائے مہربانی ہمیں اس روز روز کی چک چک سے بچایا جائے۔

پراپرٹی لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پانامہ کے بعددبئی لیکس آگئی ہے جو حکومت کے خلاف ہے، اس حکومت کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں اور پلگوں میں کچرا پھنسا ہوا ہے۔ حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے، 30 جون سے سیاست میں بڑی تبدیلی آئے گی۔
ان کاکہناتھا کہ قوم نے وہی کرنا ہے جوآزاد کشمیر میں کیا ہے، 9مئی کے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے،اس پرجو جو کرنا ہے کرو، ہم 2سال سے تاریخیں بھگت رہے ہیں، اس ملک میں انصاف دھکے کھارہا ہے،انصاف کا مذاق اڑ رہا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اللہ کے بعد عدلیہ سے ہی امید وابستہ ہے، مہنگائی کا یہ حال ہے کہ لوگ مکان کا کرایہ دیں ،بجلی کا بل دیں یا بچے کی فیس دیں، میرا تعلق صرف بانی پی ٹی آئی سے ہے میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں، میرا بانی پی ٹی آئی سے احترام کا رشتہ ہے، مہنگائی کے خلاف عوام اس طرح باہر نکلے گی جس طرح بھیرہ ، راولاکوٹ اور آزاد کشمیر میں نکلی۔

اس سے قبل سانحہ نو مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سماعت کی ، تحریک انصاف کے رہنماء عدالت میں پیش ہوئے ، شیخ رشید احمد، شیخ راشد شفیق، زرتاج گل، سیمابیہ طاہر عدالت میں پیش ہوئے ۔

شیخ رشید احمد کے وکلاء نے تمام مقدمات میں بریت کی درخواست دائر کر دی، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے شیخ رشید کی درخواست 29 مئی تک ملتوی کردی جبکہ مقدمے کی آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہو گی۔

مزیدخبریں