شہدائےوطن کی یادمیں الحمرا آرٹس کونسل لاہورمیں شاندار تقریب

11:03 AM, 15 May, 2024

پبلک نیوز: کیپٹن سلمان سرور شہید،ستارہ بسالت کی گیارہویں برسی کے موقع پر ایک فکر انگیز سیمینار کا انعقاد الحمرا آرٹس کونسل، لاہور میں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سیمینار کا عنوان تھا شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، سیمینار میں شہدائے وطن کے لواحقین، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کیپٹن سلمان سرور شہید ، ستارہء بسالت نے 14 مئی 2013 کو خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور اپنی جان وطن کی آزادی اور حرمت پر قربان کر دی۔تقریب میں شہدائے اے پی ایس پشاور کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ نوجوانوں اور خواتین و حضرات کی بھرپور شرکت نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

شازیہ منظور اور سائرہ طاہر نے ملی نغموں کی صورت میں شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں مقررین نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا اور دھرتی ماں کے تقدس اور بقا کے لیے ان کی لازوال قربانیوں پر اظہار تشکر کیا۔

ان میں ائیر وائس مارشل ریٹائرڈ ساجد حبیب، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عباس رضا زیدی، علامہ رائے ظفر علی، فرحت عباس شاہ، توقیر احمد شریفی، اور دیگر شہدا کے ورثا کے ساتھ ساتھ کیپٹن سلمان سرور شہید کے والد ایس ایس پی ریٹائرڈ امتیاز سرور اور بھائی محمد امین شامل تھے۔

مقررین نے ناقابل تسخیر قوم کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کی قربانیوں اور غازیوں کی جانثاری کو ملک کی بقا اور سلامتی کی وجہ قرار دیا۔ قوم کے بلند عزم و ہمت اور جذبہء ایثار کے باعث پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور رہے گا۔

 شہدا کے ورثا نے حاضرین سے عظیم شہیدوں اور وطن عزیز کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہدا کے کردار اور ان کی زندگیوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور دھرتی سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔

ورثا کا کہنا تھا کہ ہر 9 مئی کے بعد 14 مئی جیسے دن آتے رہیں گے اور وطن کے جانباز اپنی جانیں دھرتی ماں پر نثار کرتے رہیں گے۔ مجموعی طور پر پوری قوم کو اپنے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے،  مٹھی بھر بھٹکے ہوئے لوگ قوم کی نمائندگی ہر گز نہیں کرتے۔

تقریب کا اختتام شہدا کی بلندی_ درجات اور وطن کی سلامتی اور ترقی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

مزیدخبریں