سلمان خان کی زندگی بخشنے کیلئے لارنس بشنوئی نے شرط رکھ دی

02:49 PM, 15 May, 2024

ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی جان بخشنے کیلئے گینگسٹر لارنس بشنوئی کمیونٹی نے بڑی شرط رکھ دی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ  گزشتہ دنوں سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران گینگسٹر لارنس بشنوئی سے معافی مانگی تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ کالے ہرن کے شکار کے واقعے کو کئی سال ہو چکے ، اس وقت سلمان خان کی عمر بھی کم تھی، ان سے انجانے میں غلطی ہوگئی تھی، لہٰذا میں بشنوئی گینگ کے سربراہ سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ اس واقعے کو بھول جائیں، میں سلمان خان کی طرف سے معافی مانگ رہی ہوں۔

لہٰذا سومی علی کے معافی نامے کے بعد بشنوئی کمیونٹی کے صدر دیویندر بودیا نے سلمان خان کی زندگی بخشنے کیلئے اپنی شرط بتائی ہے۔

بشنوئی کمیونٹی کے صدر دیویندر بودیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی کی طرف سے مانگی گئی معافی کو قبول نہیں کریں گے۔ کیونکہ قصوروار سومی علی نہیں بلکہ سلمان خان ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سلمان خان خود آکر ہم سے اپنی غلطی کی معافی مانگ لیں گے تو ہم انہیں معاف کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں اور اداکار ہمیں یہ بھی یقین دہانی کروائیں کہ وہ مستقبل میں دوبارہ ایسی کوئی غلطی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ سلمان خان اپنی معافی کے ساتھ ہمیں اس بات کا یقین بھی دلائیں گے کہ وہ ہمیشہ جنگلی حیات و ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کریں گے۔

سلمان خان پر1998 میں فلم “ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے دوران پابندی کے باوجود کالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام تھا۔ بھارتی عدالت نے نےانہیں 5سال کی قید کی سزا دی تھی ، تا ہم بعد میں انہیں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

کالا ہرن بشنوئی کمیونٹی کے نزدیک مقدس مانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔

اس سلسلے میں گزشتہ ماہ سلمان خان کے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی، جس کے چھ ملزمان اب تک گرفتار کئے جا چکے ہیں۔باقی منزمان کی تلاش جاری ہے۔

اس واقعے کے بعد سلمان خان اور ان کے اہل خانہ پر خوف طاری ہو گیا تھا۔

مزیدخبریں