جو صبرکرے اور اپنا فیصلہ اللّہ پر چھوڑ دے، اس سے ڈرنا چاہیے

12:53 PM, 15 Nov, 2021

احمد علی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق چیف جج گلگت بلتستان کے انکشافات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے والد نواز شریف کی تصویر اور خبر کا تراشہ شیئر کیا جس پر قرآن کی آیت درج ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبرکرے اور اپنا فیصلہ اللّہ پر چھوڑ دے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس وقت ہائیکورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے الیکشن سے قبل نواز شریف اور مریم کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے ایک مصدقہ حلف نامے میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کے چشم دید گواہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دونوں قائدین کو عام انتخابات سے قبل رہا نہیں ہونا چاہیے، انھیں اس بات کی یقین دہانی کرائی تو انہوں نے چائے طلب کی پرسکون ہو گئے۔ رانا ایم شمیم نے یہ بیان 10 نومبر 2021ء کو اوتھ کمشنر کے روبرو دیا تھا۔ اس پر سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے شناختی کارڈ کی نقل اور ان کے دستخط بھی موجود ہیں۔نجی ٹیلی وژن کی خبر کے مطابق رانا شمیم نے اپنے حلف نامے میں درج تمام مندرجات کی تصدیق کی ہے۔ تاہم سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس حلف نامے کو من گھڑت اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام باتیں غلط ہیں، میں نے کبھی کسی جج کو ایسا حکم نہیں دیا۔
مزیدخبریں