آرمی چیف کا پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کول کا الوداعی دورہ
04:16 PM, 15 Nov, 2022
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کول اور بلوچ رجمنٹل سنٹر ایبٹ آباد کا الوداعی دورہ کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دورے جاری ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کول اور بلوچ رجمنٹل سنٹر ایبٹ آباد کا الوداعی دورہ کیا، پی ایم اے آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پی ایم اے میں یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، آرمی چیف نے زیر تربیت کیڈٹس اور زیر تربیت افسروں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے اعلی ترین تربیتی ادارے کے طور پر پی ایم اے کے معیار کو سراہا ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مستقبل کی قیادت کی تیاری کے لئے پی ایم اے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، پیشہ وارانہ مہارت کے حصول کے لئےکیڈٹس اپنی پوری توجہ مرکوز کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹل سنٹر میں بھی یادگار شہدا پر حاضری دی، آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹل سنٹر میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی، آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹ کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ، بلوچ رجمنٹل سنٹر آمد پر چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔