صدر زرداری پرعمران خان کوقتل کرانے کاالزام،شیخ رشید بری

09:51 AM, 15 Nov, 2024

ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری پرعمران خان کے قتل کی سازش کرنے کے الزام کےکیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری کی جانب سے دہشتگردوں کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کروانے کے الزام پر درج مقدمہ کا معاملہ،سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا۔عدالت نے شیخ رشید احمد کو مقدمہ سے بری کردیا۔محفوظ شدہ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سنایا۔

شیخ رشید اپنے وکلاء سردار مصروف خان،سردار شہباز رضا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں زیر دفعہ 120B,153A اور 505 کے تحت مقدمہ درج تھا۔مقدمہ پاکستان پیپلز پارٹی کے راولپنڈی ڈویثرن کے نائب صدر کی مدعیت میں گزشتہ سال فروری میں درج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2023 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، شیخ رشید کے خلاف سازش، عوام کو اکسانے کی دفعات مقدمے میں لگائی گئی تھیں۔

شیخ رشید میڈیاٹاک

اسلام آباد میں کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں، ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اللّٰہ تعالیٰ کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیسز رہ گئے ہیں، میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے۔

شیخ رشید نے  کہا کہ مچھ، لسبیلہ، مری میں کیس ہوئے جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں، کسانوں کو پہلے ہی گندم کا ریٹ نہیں مل رہا، یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے۔

واضح رہے کہ آج آصف زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کو بری کر دیا ہے۔

مزیدخبریں