سری لنکا کے عام انتخابات؛ملک کی تاریخ میں ’این پی پی‘ کی بڑی کامیابی

06:06 PM, 15 Nov, 2024

ویب ڈیسک: سری لنکا کے عام انتخابات میں بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نیشنل پیپلز پاور ( این پی پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کےمطابق مارکس نظریات رکھنے والے صدر دسانائیکے کے اتحاد ' این پی پی' نے 225 رکنی پارلیمان میں 159 نشستیں حاصل کی ہیں، یہ سری لنکا کی تاریخ میں سب سے بڑی انتخابی کامیابی ہے۔

سری لنکا میں طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے راجہ پکسے خاندان کو انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کی جماعت ' سری لنکا پودوجانا پرامونا پارٹی' صرف تین نشستیں حاصل کر سکی ہے، پچھلی پارلیمان میں اس جماعت کے پاس 145 نشستیں تھیں۔

ماہرین کے مطابق انتخابات میں کامیابی کے بعد صدر انورا کمارا دیسانائیکے کو معاشی بحران میں گھرے ملک میں اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد کا موقع مل سکے گا۔

جمعرات کو ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے صدر دسانائیکے نے کہا تھا کہ "یہ سری لنکا کی تاریخ کا اہم موڑ ہے، ہمیں ایک مضبوط پارلیمنٹ کے لیے بڑے مینڈیٹ کی توقع ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام ہمیں یہ موقع دیں گے۔"

صدر دیسانائیکے نے ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اس وقت کے صدر رانیل وکرما سنگھے اور اپوزیشن رہنما سجیت پریماداسا کو شکست دی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے کی پارٹی کو مبارکباد دی، اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر صدر انورا کمارا دسانائیکے کی جماعت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ سری لنکا کے عوام کا صدر انورا کمارا دسانائیکے کی جماعت میں اعتماد کا مظہر ہے،پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مزید وسعت کے لئے پر عزم ہے، دو طرفہ تعلقات باہمی اشتراک پر مبنی تاریخ، مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

مزیدخبریں