ویب ڈیسک: ممبئی پولیس ذرائع کے مطابق ایک بڑے کامیڈین منورفاروقی بھی لارنس بشنوئی کے رڈار پر ہیں۔ منورفاروقی ہندو دیوی دیوتاؤں پر کئی بار تبصرہ کر چکا ہے۔ ممبئی پولیس کو منورفاروقی کے بارے میں خفیہ معلومات ملی ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق ممبئی پولیس ذرائع کے مطابق لارنس بشنوئی ایک بار پھر بابا صدیقی قتل کیس میں نام جڑنے کی وجہ سے سرخیوں میں آ گیا ہے۔12 اکتوبر کی رات بابا صدیقی پر تین شوٹروں نے 6 راؤنڈ فائر کیے تھے جس میں ایک گولی ان کے سینے میں لگی تھی۔ بعد میں انہیں اسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
ممبئی کے باندرہ علاقے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر بابا صدیقی کے قتل کو لے کر اتوار کو اپوزیشن جماعتوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے درمیان سخت لفظی جنگ ہوئی۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس واقعہ کے پیچھے لارنس بشنوئی گینگ کا ہاتھ ہے۔ ممبئی کی ایک عدالت نے اتوار کو سابق وزیر بابا صدیقی کا تولی مار کر قتل کئے جانے کے کچھ دیر بعد گرفتار دو ملزمین میں سے ایک کو 21 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں بھیج دیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس بات کی جانچ کرنا چاہتی ہے کہ کیا مہاراشٹر میں اگلے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی دشمنی کی وجہ سے اس واردات کو انجام دیا گیا ہے۔ کانگریس نے صدیقی قتل کیس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مہاراشٹر کے وزیراعلی ایکناتھ شندے اور وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس کو امن و امان کی ناکامی کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ بی جے پی نے اس واقعہ پر “اوچھی سیاست” کھیلنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی۔