کراچی میں محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیش گوئی کر دی

12:30 PM, 15 Sep, 2021

احمد علی
کراچی ( پبلک نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی۔ اس کے پیش نظر وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے محکمہ بلدیات سمیت تمام متعلقہ اداروں کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر نے بلدیاتی اداروں، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر بورڈ، واسا کے عملے کو بارش کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ سیدناصر حسین شاہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام عملہ اور افسران ہر قسم کی صورت حال کے لئے تیار رہیں۔ نشیبی علاقوں کی مکمل نگرانی کریں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاس کا انتظام کیا جائے۔ تمام مشینری، ایکوپمنینٹ اور گاڑیاں تیار رکھی جائیں۔۔ انھوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں کے حساس مقامات اور چوکنگ پوائنٹس کی نگرانی کی جائے۔ پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
مزیدخبریں