وزیر اعظم کی روسی صدر سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

02:52 PM, 15 Sep, 2022

احمد علی
وزیراعظم کی سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے موقع پر روس کے صدر سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے روس کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی اس آفت کے تباہ کن اثرات کی تفصیلات پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے پاکستان روس تعلقات میں مسلسل بہتری اور استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا جو مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ غذائی تحفظ، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سیکیورٹی سمیت باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جاسکے۔ ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کا آئندہ اجلاس جلد اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ افغانستان میں روس کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان میں پاکستان اور روس دونوں کا مفاد ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے بین الاقوامی اقدمات کی رفتار کو تیز کرنا ضروری ہے۔ مزید براں وزیرِ اعظم نے افغانستان میں استحکام کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزیدخبریں