بجلی چوروں، ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ کیخلاف مہم جاری رہے گی
05:51 PM, 15 Sep, 2023
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی چوروں، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی۔ اسلام آباد میں بجلی چوری، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر، ایکسچینج ریٹ اور مہنگائی جیسے مسائل سمیت بجلی کی چوری پر کافی حد تک قابو پانے کی کوشش کی گئی ہے، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پہلے ایک بے یقینی موجود تھی کہ یہ کام کس کا ہے اور کون کرے گا، میرا خیال ہے کہ اس رجحان کو تبدیل ہونے کی ضرورت ہے، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہوجائے تو دیگر اداروں کے حوالے سے آنے والی شکایات خودبخود کم ہوجائیں گی۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس ایک سنگ میل ہے، میں سمجھتا ہوں کہ طرز حکمرانی کے حوالے سے رویہ درست کرنے کی ضرورت ہے، گذشتہ 9، 10 روز کے دوران مجھے چاروں صوبوں سے اچھی خبریں سننے کو ملی ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ذخیرہ اندوزوں اور سمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی ہوتی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بذات خود اداروں کی کارکردگی بہتر بنانی شروع کر دیں تو اداروں کا وقار خودبخود بلند ہونا شروع ہو جاتا ہے، یہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔