وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 20 اپریل کو طلب کرلیا

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 20 اپریل کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ ملکی سیاسی، معاشی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ کابینہ کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ 13 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔ وفاقی کابینہ کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنی دینے کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ڈیٹا بیس کے قیام کی منظوری دے گی۔

اقوام متحدہ کی آرمرڈ گاڑیوں کو کراچی سے کابل لے جانے کی اجازت کی سمری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہو گی۔ معاون خصوصی توانائی گردشی قرضے کے خاتمے کا پلان کابینہ اجلاس میں پیش کریں گے۔ کابینہ کو پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

کابینہ فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ آرڈیننس کے تحت بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ سٹریٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کے اختیارات منتقل کرنے کی سمری پر غور کرے گی۔ وفاقی کابینہ جوائنٹ انوسٹمنٹ کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔

کابینہ نیشنل انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ نوشہرہ ریلوے اراضی پر کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کے معاملہ پر بات ہوگی۔ کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی اصلاحات، سٹیٹ اون انٹرپرائزز کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 اپریل کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں