”فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا“

06:15 AM, 16 Apr, 2021

حسان عبداللہ

وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ "ہمیں کہا گیا کہ مذہبی جماعت کے ساتھ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا معاہدہ کیوں کیا، یہ بات کلیئر کرلی جائے کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔

علی محمد خان نے کہا کہ معاہدہ یہ تھا کہ اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی، جب مذہبی جماعت سے حال ہی میں مذاکرات ہوئے تو اس نے اپنی مرضی کی قرارداد لانے پر ضد کر لی۔

علی محمد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت سے مذاکرات کئے جا رہے تھے، دوسری طرف مارچ کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔

دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلی گئی ہے، قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی نیکٹا نے ٹی ایل پی کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں 79 ویں نمبر پر شامل کیا ہے۔ نیکٹا کے مطابق اب تحریک لبیک پاکستان کو فنڈز دینے پر پابندی ہو گی۔نیکٹا نے تحریک لبیک پاکستان کے اثاثوں کے تعین کیلئے وزارت داخلہ کےچیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر باضابطہ پابندی کی منظوری دیدی، مذہبی جماعت پر پابندی کےلیے وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی، اب تحریک لبیک پاکستان کے ارکان اسمبلی کو جماعت سے وابستگی چھوڑنی ہوگی یا وہ نااہل ہوجائیں گے۔

مزیدخبریں