غریب قوم کے پیسے کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائیگا
06:12 AM, 16 Apr, 2022
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ راول چوک فلائی اوور منصوبہ یکم ستمبر تک مکمل کیا جائے۔ منصوبہ کی لینڈ سکیپنگ کی جائے اور تاخیر کا سبب بننے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کی صبح راول چوک فلائی اوور منصوبہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو منصوبہ پر تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بروقت اور جلد ازجلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بننے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے ضیاع اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا کہ راول چوک فلائی اوور منصوبہ میں بلا وجہ تاخیر کی گئی تاکہ اس کی لاگت کو بڑھایا جاسکے تاہم وفاقی دارالحکومت میں دیگر منصوبہ جات کے کنٹریکٹ ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کو دیئے گئے ہیں تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی ماہ سے میں جب بھی اسلام آباد آیا تو ترقیاتی منصوبوں کی سست روی کو دیکھ کر افسوس ہوا۔ اس حوالہ سے متعلقہ حکام کو خصوصی توجہ دینا ہوگی کیونکہ غریب قوم کے پیسہ کے ضیاع کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ احساس ذمہ داری کو یقینی بنایا جائے، تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کو یقینی بنا کر منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ اس حوالہ سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے راول چوک فلائی اوور منصوبہ کی تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا اور کہا کہ اس کی انکوائری کرائی جائے تاکہ تاخیر کے اسباب معلوم کئے جاسکیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جاسکے ۔ وزیراعظم نے منصوبہ کی تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹا منصوبہ بھی دو سال میں مکمل نہ ہو سکا جبکہ اس عرصہ میں تو میگا پراجیکٹ مکمل ہو سکتے ہیں ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے منصوبہ کی لینڈ سکیپنگ کے بارے میں بھی پوچھا اور کہاکہ اس کی لینڈ سکیپنگ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے منصوبہ کو یکم ستمبر 2022تک لازمی مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ راول چوک فلائی اوور منصوبہ کا آغاز اکتوبر 2020ء میں ہوا تھا اور اس کو دو سال میں مکمل ہونا تھا۔ منصوبہ کی تاخیر کی وجوہات کو ختم کرتے ہوئے اس کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف ترقیاتی منصوبوں کی تاخیر کو برداشت نہیں کرتے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے منصوبہ کی تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ۔ منصوبہ پر 48 فیصد کام ہو چکا ہے۔