پنجاب کی عوام سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا انتقام لیا گیا، وزیرِ اعظم

01:53 PM, 16 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا تھا، اسے گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر روکا،پنجاب کی عوام سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا انتقام لیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں نئے منصوبے تو درکنا، ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں کو تعطل کا شکار رکھا گیا، گزشتہ حکومت کے 4 سال پنجاب کو ایک نا اہل اور کٹھ پتلی وزیرِ اعلی کے سپرد کیا گیا، پنجاب کی ترقی پر توجہ کی بجائے وزارتِ اعلی کے منصب کو وفاق میں سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال کیا جاتا رہا۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ عوامی فلاحی منصوبے جو اب تک مکمل ہو کر لوگوں کی مشکلات میں کمی کر چکے ہوتے، سالہا سال تاخیر کا شکار رہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ان تمام جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں جاری عوامی سہولت کے ترقیاتی کاموں اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیرِ وزیر اعظم احد خان چیمہ، نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی اور وفاقی و صوبائی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو امامیہ کالونی فلائی اوور کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئیک، وزیراعظم نے منصوبے کو عوام کے استعمال کے لئے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو گوجرانوالہ کے عوام کی سہولت کے لئے لاہور - سیالکوٹ موٹر وے لنک روڈ کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کو ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، کمیٹی آئندہ اجلاس میں اس منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کرے گی۔
مزیدخبریں