'شہبازشریف توہین عدالت ،آرٹیکل 6 کی بارودی سرنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں'

02:54 PM, 16 Apr, 2023

احمد علی
راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کی بارودی سرنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک طرف گرفتاریاں دوسری طرف مذاکرات بھونڈا مذاق ہیں۔ شہبازشریف توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کی بارودی سرنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عدلیہ کے ساتھ لڑائی انکی دماغی توازن کی نشاندہی کرتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر ایک دن میں انتخابات کرانے ہیں تو قومی اسمبلی توڑیں جیسے ہم نے صوبائی اسمبلیاں توڑیں ورنہ بحران انتہائی گھمبیر ہو جائے گا، لاہور کے سینئر وکلا نے کہہ دیا سپریم کورٹ ہماری ریڈ لائن ہے اور 14 اپریل کو الیکشن ہو کر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں پر بھی 10 روپے کا پٹرول بم گرا دیا گیا، مزید 39 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، زرمبادلہ ذخائر ایک ماہ کی درآمدات کیلئے بھی پورے نہیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ نوازشریف پاکستان نہیں آئے گا، آئی ایم ایف سے اپریل میں بھی معاہدہ ہوتا دکھائی نہیں دیتا، عدلیہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی توعدلیہ اپنا آئینی اختیار استعمال کرے گی جو عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں وہ عدلیہ کو للکار رہے ہیں، الیکشن کروانے ہوں گے ورنہ فیصلہ سڑکوں پر ہو گا۔
مزیدخبریں