عمران خان سےمتعلق علی امین گنڈاپور کی نئی پیشگوئی

01:27 PM, 16 Apr, 2024

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز جعلی ہیں اور یہ نظام آئے روز بے نقاب ہورہا ہے،تجربے نہ کریں، یقین ہے ضمیر جاگیں گے۔ عمران خان بہت جلد جیل سے باہر ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نو مئی کو ایک ہی وقت میں 8 اضلاع میں موجود تھا، ایک گھنٹے میں، میں نے 8 ضلعوں میں کاروائیاں کیں، میرے پاس ایک ایسا ایف- 16 طیارہ تھا جسکی سپیڈ ایف- 16 کی تھی اور لینڈنگ ہیلی کاپٹر جیسی، یہ ٹیکنالوجی پاکستان یا میرے پاس ہے تو ثابت کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور عدالت کے سامنے پیش ہوگئے ہیں، ججز کو جو خط موصول ہوئے اس پر کمیشن بننا ضروری ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مینڈیٹ کو چوری کرکے فارم 47والوں کو ایوان میں بھیجا گیا ہے، ہم اور عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،جب تک حقیقی آزادی نہیں ملے گی جنگ جاری رہے گی.

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ نیا تجربہ کرنے والے ایک دن بے نقاب ہوں گے، آپ اس ملک میں کیسا نظام بنارہے ہیں، جب ضمیر جاگتا ہے تو کہتے ہیں تو یہ ذہنی مریض ہیں، جعلی ایف آئی آرز کے زور پر آپ لوگوں کی زبانیں بند نہیں کرسکتے۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ لوگوں نے الیکشن میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو ڈھونڈ کر ووٹ ڈالا، آپ نے بلے کا انتخابی نشان لے لیا ،پارٹی ختم کردی، بانی پی ٹی آئی کی قوم جاگ چکی ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان بہت جلد باہر ہوں گے اور بہت جلد اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایک صوبے کا وزیراعلیٰ بنایا ہوا ہے، اس صوبے کا وزیراعلیٰ فارم 47پر بنا ہواہے، میرے معاملات اس ہی کابینہ سے ہونے ہیں، جب اپنی ڈیل کے مطابق ملک کو چلائیں گے تو ایسا ہی ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپنی غلطی مان لیں ،ملک کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں، ججز نے جو خط لکھا اس کے بعد ہر چیز ظاہر ہوچکی ہے، تمام فیصلے پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہوئے، یہ بے نقاب ہوچکے ہیں، اب ان کو کچھ سمجھ نہیں آرہی ہے، ان کو لگتا ہے یہ بے وقوفوں کی طرح قوم کو دھوکہ دے دیں گے۔

علی امین گنڈا پور کی 9 مئی کے بارہ مقدمات میں ضمانت منظور

قبل ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کی 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی، عدالت کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو ذاتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا۔

یاد رہے کہ علی امین گنڈا پور پر پرتشدد مظاہروں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ، عدالت نے علی امین گنڈا پور کے 19 مارچ کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔

مزیدخبریں