پبلک نیوز: پاکستان سپر لیگ کا 10 واں ایڈیشن پی سی بی کیلئے دردسر بن گیا۔ بھرپور کوشش کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کیلئے مناسب ونڈو تلاش نہیں کرسکا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل 10 کے لیے اچھی ونڈو نکالنے کے لیے پر امید ہے۔ جس کیلئے پی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جلد مشاورت کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ چئیرمین محسن نقوی کی انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ پی ایس ایل ترجیح میں شامل ہے۔ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے۔ اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انٹرنیشنل کمٹمنٹس کے ساتھ پی ایس ایل ایک چیلنج ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ چیلنج پر پورا اتریں گے، کوئی کوتاہی نہیں ہو گی۔ پی سی بی کے عہدیداران انٹرنیشنل کمٹمنٹس اور پی ایس ایل پر کام کر رہے ہیں۔ پی ایس ایل ونڈو پر تمام فرنچائزز اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ آئندہ برس مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے پی ایس ایل کے لیے مناسب ونڈو نکالنا چیلنج بن چکا ہے۔ اگلے سال پاکستان نے سہ فریقی سیریز اور چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے۔ دونوں ایونٹ کی وجہ سے پی ایس ایل کی روایتی ونڈو متاثر ہوگی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں روایتی طور پر پی ایس ایل جنوری سے مارچ کے درمیان منعقد ہوتی ہے۔