سنسنی خیز مقابلہ کے بعد کنگسٹن ٹیسٹ ویسٹ انڈیز کے نام
05:50 PM, 16 Aug, 2021
ویب ڈیسک: کنگسٹن ٹیسٹ میں پاکستان جیت نہ سکا۔ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد ویسٹ انڈیز نے پہلا ٹیسٹ میچ اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان ٹیم نے دوسری اننگز میں صرف 203 رنز بنائے جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے صرف 168 رنز بنانا تھے۔ یہ ہدف ویسٹ انڈیز ٹیم نے آخری وکٹ پر پورا کیا۔ لگ نہیں رہا تھا کہ میچ ویسٹ انڈیز جیت پائے گا مگر وقت نے سب سے زیادہ ساتھ دیا۔ چوتھے روز پاکستان کی طرف سے بابر اعظم اور فہیم اشرف نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تھی۔ 8 رنز کے اضافہ ہی ہوا تھا کہ فہیم اشرف اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ فہیم کے بعد بابر اعظم بھی نہ ٹکے۔ اس طرح قومی ٹیم نے صرف 168 رنز کا اضافی ہدف دیا۔ نمایاں طور پر بابر اعظم کے 55، عابد علی کے 34 اور محمد رضوان کے 30 رنز تھے۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 168 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکی اور 151 رنز پر 9 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ اس سے قبل صرف 16 رنز پر ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ آخری وکٹ پر ایک طرف چند سکور تھے تو دوسری جانب صرف ایک وکٹ۔ جیڈن سیلز نے کیمار روچ کے ساتھ ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ ویسٹ انڈیز کے نام کرا دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین 4 اور حسن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ خیال رہے کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا سکی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے 253 رنز بنائے اور 36 رنز کی سبقت حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری مل چکی ہے۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 اگست کو کنگسٹن ہی میں کھلا جائے گا۔