افغانستان میں کسی طرح کی مداخلت نہیں کی جائیگی: پاکستان
06:00 PM, 16 Aug, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں افغان صورتحال پر غور کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغانستان میں جاری تنازعات سے متاثر رہا ہے۔ کہا گیا کہ پاکستان افغان مسئلہ کے ایک جامع سیاسی حل کے لیے پرعزم اور پرامید ہے۔ پاکستان اپنے ہمسائے ملک سے امن و استحکام چاہتا ہے۔ امریکا اور نیٹو کی موجودگی میں افغان مسئلہ کا بہترین حل نکالا جا سکتا تھا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عالمی برادری کو چار دہائیوں سے دی جانے والی قربانیوں کا بھی اعتراف کرنا چاہیے۔ افغانستان میں موجود تمام فریقین قانون کا احترام کریں۔ افغاں باشندوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھا جائے۔ قومی سلامتی کمیٹی شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے افغان سرزمین کسی دہشتگرد گروپ کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔ پاکستان افغانستان میں عدم مداخلت کے اصول پر سختی سے کاربند رہے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت کی کہ کابل میں پھسنے پاکستانیوں، سفارتکاروں، صحافیوں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کابل میں موجود پاکستانی سفارتخانے اور ریاستی مشینری کی تعریف کی۔