اسلام آباد: جشن آزادی کے روز غیرملکی خواتین کوہراساں کرنے کا انکشاف

08:17 AM, 16 Aug, 2022

احمد علی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشن آزادی کے موقع پر غیرملکی خواتین کوہراساں کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، پولیس ذرائع کے مطابق غیر ملکی خواتین کو شکر پڑیاں مونومنٹ پر ہراساں کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو اب تک کسی بھی قسم کی کارروائی کے لئے درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، واقعہ کہاں پیش آیا ، کسی نے بھی موقع پر موجود انتظامیہ سے شکایت نہیں کی۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوزوائرل ہونے کے بعد واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سی آئی اے پولیس کو واقعے کی ویڈیوز فراہم کر دی گئیں ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انتظامیہ سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے.
مزیدخبریں