پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے لیٹر تک اضافہ
01:23 PM, 16 Aug, 2023
نگران حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں20روپے لیٹر تک اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔ پیٹرول کی نئی قیمت 290 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 293 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پر 55 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر لیوی برقرار رکھی گئی ہے۔