حکومت کا وجیہ الدین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

10:08 AM, 16 Dec, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین کے حالیہ بیان کو وزیراعظم عمران خان کی کردار کشی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ اس کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ میڈیا میں کردار کشی رواج بنتا جا رہا ہے، وہاں بھی قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر کسی کی عزت نفس کا خیال نہیں کیا جاتا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین نے ٹیلی وژن پر بیٹھ کر جو حالیہ بیان دیا، اس کی تردید خود جہانگیر ترین نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے کرکے مہذب ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ ہم ان پر کریمنل دفعات کے تحت کیس دائر کر رہے ہيں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان کے سسٹم کو کمزور کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا اور دیگر میڈیا پر جج صاحبان، اداروں، جنرلوں اور سول افسروں کیخلاف ایک سوچی سمجھی کیمپئن کے تحٹ کردار کشی کی جاتی ہے۔ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان کو جو بھی پلاٹ انعام میں ملے، اس کو انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کیلئے وقف کر دیا۔ اگر وہ اس کا پچاس فیصد حصہ بھی لے لیتے تو آج ان کا شمار ملک کے کھرب پتی افراد میں ہوتا لیکن انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔
مزیدخبریں