خانیوال ضمنی الیکشن:پی ٹی آئی امیدوار نورین نشاط ڈاہا کا ووٹ ضائع

11:26 AM, 16 Dec, 2021

احمد علی

خانیوال: ضمنی الیکشن میں ووٹ کی فوٹیج بنانے پر الیکشن کمیشن کا نوٹس، نورین نشاط ڈاہا کا بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد میڈیا کو دکھانے پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی امیدوار نورین نشاط ڈاہا کا ووٹ ضائع قرار دیدیا. معالے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پولیس اور لوکل اداروں کو کیمپین میں استعمال کرنے کے بعد محترمہ سرکاری امیدوار طاقت کے نشے میں قواعد و ضوابط کو پیروں تلے روندتے ہوئے بیلٹ پیپر کی تصویر بنوا رہی ہیں،تاکہ کوئی اصول اور ضابطہ باقی نا رہ جائے .

خانیوال کے حلقہ پی پی 206 میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی نشست حلقہ پی پی 206 میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، ضمنی الیکشن کے موقع پر شہریوں میں جوش وخروش پایاجاتا ہے۔ ضمنی الیکشن کیلئے حلقے میں 183 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جہاں 230689 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مذکورہ نشست نون لیگ سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والی رکن اسمبلی نشاط احمد ڈاہا کی وفات سے خالی ہوئی تھی، ضمنی الیکشن میں اس نشست پر 13 امیدوار میدان میں ہیں، تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ نون کے رانا محمد سلیم، تحریک انصاف کی نورین نشاط ڈاہا اور پیپلزپارٹی کے میر واثق کے درمیان ہوگا۔

گذشتہ روز الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار نے خانیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال کے عوام گھروں سے باہر نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کسی کو امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مزیدخبریں