’دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے تک جدوجہد آہنی ارادے سے جاری رہے گی‘

07:24 AM, 16 Dec, 2022

احمد علی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی ایس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے کہ جب دہشتگردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی تھی ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا ہے ، آج بھی سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء سے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنےکا دن ہے ، پاکستانی قوم اپنےشہیدوں کی قربانیاں کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔
مزیدخبریں