بشری بی بی اور نامعلوم شخص کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

01:33 PM, 16 Dec, 2022

احمد علی
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آگئی ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اورایک نامعلوم شخص کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی ہے۔ جس میں سنا جاسکتا ہے کہ بشریٰ بی بی توشہ خانہ کی چیزوں کی تصاویر کھینچنے پر برس رہی ہیں۔ سابق خاتون اول آڈیو لیک میں کہتی ہیں کہ یہ جو توشہ خانہ سے چیزیں آئی تھیں۔ آپ نے اسفر کو کہا تھا کہ ان کی تصویریں کھینچ کر بھیجو؟ جس پر نامعلوم شخص نے کہا کہ نہیں میں نے تو نہیں کہا تھا۔ بشری بی بی نے کہا کہ تو کیوں کھینچی تھیں تصویریں؟ گھر کے اندر جو چیز آئے اس کی تصویر تو نہیں کھینچتے۔ گھر سے باہر سے جو آئے ان کی تصویر کھینچنی چاہیے؟۔اس بات پرنامعلوم شخص بولا کہ مجھے نہیں معلوم۔ سابق خاتون اول کہتی ہیں کہ انعام نے کہا ہے اور اس نے بھیج دی ہیں۔ اس کے بعد بشریٰ بی بی ہولڈ کا کہتی ہیں اور دوسرے شخص سے پوچھتی ہیں کہ آپ نے انعام کو بھیجی ہیں تصویریں؟ وہ کہہ رہا ہے مجھے نہیں بھیجیں، کس نے کہا تھا تصویریں کھینچنے کو؟ کس نے؟ کیوں؟ گھر کے اندر والی کسی چیز کی تصویر نہیں کھینچتے کیونکہ وہ میرے پاس آرہی تھی۔ دوبارہ فون پر بشری بی بی کہتی ہیں کہ گھر سے جو باہر جاتی ہیں ان کی کھینچنی چاہیے، گھر کے اندر آنے والی چیز کی کون تصویر کھینچتا ہے؟ کس چیز کا ثبوت؟ آپ کو کیا ضرورت ہے ثبوت دینے کی؟۔ عمران خان کی اہلیہ کسی دوسرے فرد سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ آپ نے مجھ سے پوچھا ہے؟ سوری کا کیا مطلب؟ تماشا بنایا ہوا ہےگھر کو؟ ایم ایس ہم پر اعتماد کرکے بھیج رہا ہے، آپ کون ہوتے ہیں تصویریں کھینچنے والے؟۔ سابق خاتون اول نامعلوم شخص سے مخاطب ہوتے ہئے کہتی ہیں کہ اور تمہیں کیوں بھیجی ہیں اس نے تصویریں؟جس پر نامعلوم شخص نے کہا کہ بی بی مجھے تصویریں آئی ہیں کہ ہم اندر دے رہے ہیں، جس پر میں کہا کہ بس آپ بی بی کو دے دیں، وہ جانیں۔ بشری بی بی پھر نامعلوم شخص کو کہتی ہیں کہ کیا کرنا ہے تصویروں کا؟ ہم لوگوں نے کیا کرنا ہے تصویروں کا ؟ آج کے بعد تم گھر کے اندر نہیں آؤ گے، سمجھ آئی۔ جس پر نامعلوم شخص کہتا ہے کہ ٹھیک ہے۔سابق خاتون اول غصے میں کہتی ہیں کہ تصویریں لے کر وہیں رہو جہاں تم بیٹھے ہو۔
مزیدخبریں