'عمران خان کل جلسے میں اسمبلیاں تحلیل کرنیکے فیصلے سے آگاہ کریں گے'
02:16 PM, 16 Dec, 2022
لاہور: سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کل کے جلسے میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی آج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات ہوئی ہے،کل عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کل کے جلسے میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔صرف کابینہ بنا کروزراکو بیرون ملک دوروں پر بھیج دینے سے ملک نہیں چلتا،ملکی معیشت روزبروز نیچے جارہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ملک میں سیاسی پراسیس آگے بڑھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصا ف (پی ٹی آءی ) کو جھکانے کیلئے اس حکومت نے کیا کیا کوشش نہیں کی۔