ویب ڈیسک: پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کو پنجاب پولیس نے شخصی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
اتوار کو پنجاب پولیس نے محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ رجب بٹ کے گھر پر چھاپہ مار کر لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ اور غیرقانونی رائفل رکھنے پر انہیں حراست میں لے لیا تھا۔
بعد ازاں انہیں تھانے منتقل کر کے ان کے خلاف صرف غیرقانونی اسلحہ رکھنے کی ایف آئی آر درج کی گئی کیونکہ محکمہ وائلڈ لائف نے ملزم کے خلاف درخواست نہیں دی اور صرف شیر کے بچے کو ساتھ لے گئے۔
تاہم کچھ گھنٹوں بعد رجب بٹ کو پولیس نے شخصی ضمانت پر رہا کر دیا۔ اب وہ کل صبح عدالت میں پیش ہو کر اپنی ضمانت کروائیں گے۔ قانون کے مطابق ناجائز اسلحہ کیس میں ایس ایچ او ملزم کی شخصی ضمانت دے سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف نے کہا ہے کہ شیر کے بچے کو سفاری زو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ چالان اور قانونی کارروائی کا عمل بھی جاری ہے۔ مزید فیصلہ کورٹ کی جانب سے کیا جائے گا اور فیصلے کے آنے تک شیر کا بچہ محکمہ وائلڈ لائف کی تحویل میں رہے گا۔
خیال رہے کہ اپنے فیملی وی لاگز کی وجہ سے مشہور اور یوٹیوب پر 45 لاکھ 60 ہزار سبسکرائبرز کے حامل رجب بٹ کو ان کی شادی پر ملنے والے تحائف نے مصیبت میں ڈالا ہے۔
دو روز قبل جمعے کو لاہور میں رجب بٹ کے ولیمے کے موقع پر پر ان کے فینز اور دوستوں نے انہیں بیش قیمتی تحائف دیے، لیکن ان میں سے دو تحائف ایسے تھے جنہوں نے رجب کو دو ہی روز بعد حوالات کی سیر کرا دی۔
ان قیمتی تحائف میں ایک شیر کا بچہ اور ایک رائفل بھی شامل تھے اور سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز وائرل ہیں۔ اور شاید یہ وائرل ویڈیوز کہیں حکام کی نظروں میں بھی آ گئیں۔
اس سے قبل بھی پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور غیرقانونی طور پر خطرناک جانور رکھنے پر کئی ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کو گرفتار کیا ہے۔