ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔آج کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، چاغی اور قلعہ عبداللّٰہ میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
صبح کے اوقات میں ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور گرد و نواح میں بعض مقامات پر ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں سکھر، شکار پور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو اور استور میں منفی11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر قائد کا موسم آج بھی سرد اور خشک رہے گا،صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند رہے گی،آج کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔