کشمالہ طارق کے بیٹے، جاں بحق افراد کے لواحقین میں صلح

05:07 PM, 16 Feb, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد(پبلک نیوز) اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد چار نوجوانوں کی ہلاکت کے مقدمے میں کشمالہ طارق کے بیٹے اور جان سے ہاتھ دھونے والے 3 افراد کے ورثاء کے درمیان راضی نامہ ہو گیا۔

مقامی عدالت میں کشمالہ طارق کے بیٹے کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج نے کی۔ سماعت میں وقفے کے بعد کشمالہ طارق کے بیٹے کے وکیل سعید خورشید نے عدالت کو بتایا کہ جاں بحق افراد کے ورثاء سے صلح ہو چکی ہے اور بیان حلفی عدالت میں جمع کرادیے ہیں۔

اس موقع پر عدالت میں مدعی مقدمہ مجیب کے بھائی نے بھی عدالت میں وکالت نامہ جمع کرا دیا جبکہ متوفی فاروق اور عادل عباسی کے والدین نے بھی عدالت میں بیان دے دیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اگلی سماعت پر مدعی کے وکیل کو درخواست ضمانت پر دلائل دینے کے ساتھ پولیس کو حکم دیا کہ وہ ملزم اذلان کےلائسنس کی تصدیق بھی  کی جائے۔

یاد رہے کہ یکم فروری کی رات تقریباً 11 بجے کشمالہ طارق کے بیٹے اور شوہر کی گاڑیاں اسلام آباد ميں جی اليون چوک سے گزر رہی تھیں، جس کے دوران ٹکر لگنے سے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں