پیٹرول فی لیٹر 12 روپے 3 پیسے مزید مہنگا
03:38 AM, 16 Feb, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول فی لیٹر مزید 12 روپے 3 پیسے مہنگا کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 3 پیسے اضافہ کے بعد اس کی 159 روپے 86 پیسے ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے اضافہ کرکے اس کی فی لیٹر قیمت 154 روپے 15 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ حکومت نے مٹی کا تیل بھی 10 روپے 8 پیسے مزید مہنگا کرتے ہوئے نئی قیمت فی لیٹر 126 روپے 56 کر دی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے اضافہ کیا گیا۔ اب ملک بھر میں یہ فی لیٹر نئی قیمت 123 روپے 97 پیسے میں فروخت ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس وقت 2014ء کے بعد بلند ترین سطح پر ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں اضافے کے باوجود 31 جنوری کو پیٹرول مہنگا کرنے کی تجویز مسترد کردی تھی ور اوگرا کی سمری کے خلاف ہدایت کی تھی۔ صارفین کو ریلیف دینے کے لئے حکومت نے سیلز ٹیکس صفر فیصد اور پیڑولیم لیوی بجٹ اہداف کے برخلاف کم کردیا، جس کے نتیجے میں حکومت کو 35 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ نوٹفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پیٹرول مہنگا کرنے کی تجویز منظور کرلی اور قیمتیں کم سے کم رکھی گئیں۔ یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے ایک پیسے کا اضافہ کردیا تھا۔