کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفرایکسپریس میں دھماکہ، دو افراد جاں بحق
08:51 AM, 16 Feb, 2023
چیچہ وطنی : ملتان ڈویژن میں چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس میں دھماکہ بوگی نمبر 4 کے واش روم میں ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق جب کہ چار زخمی ہوگئے ۔دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس ، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے موقع پر پہنچ گئے، واقعے میں جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔ اس حوالے سے مسافروں نے بتایا کہ ٹرین میں دھماکہ میاں چنوں سے نکلتے ہی ہوا تھا ، مسافر ٹرین کی ایمرجنسی چین کھینچتے رہے مگر عملے نے دھیان ہی نہیں دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث رونما ہوا ہے ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ دھماکےکی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔