ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کو متنازع بناکرجمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی اور اس کیلئے ڈیجیٹل دہشتگردی پر100ارب روپےخرچ کیے گئے۔
تفصیلا ت کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے عطاتارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابھی انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے جھوٹے کی پٹاری کھلنے والی ہے، پی ٹی آئی نے جھوٹا بیانیہ بنایا، انہوں نے سب سے زیادہ ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کے ثبوت موجود ہیں، ہم نے تمام تصدیق شدہ چیزیں الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہیں۔
مسلم لیگ ن رہنما عطاتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سیکڑوں کی تعداد میں جعلی فارم 45سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے، فارم 45بنتے ہوئے وقت لگتا ہے، پریذائیڈنگ افسر سکیورٹی میں ریٹرننگ آفس جاتاہے اور فارم 45جمع کراتا ہے، پی ٹی آئی نے عجلت میں فارم 45تیار کیے ہیں، محض 5یا10فیصد ابتدائی رزلٹ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آپ جشن منارہے ہیں اورپنجاب میں دھاندلی کا رونا رورہے ہیں، اگر دھاندلی ہوتی تو کیا راناثنااللہ اور سعد رفیق ہارتے؟ آپ نے ڈیجیٹل دہشتگردی کی ہے اور اب بیرونی طاقتوں کو آواز دے رہے ہیں، اب کہہ رہے ہیں کہ امریکا میری مدد کرے ، آپ کہتے تھے کیا ہم غلام ہیں ،ہاں آپ غلام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسی معلومات بھی ہیں جہاں پولنگ سٹیشن پر میڈیا کے لوگ نہیں تھے، میں نے تب رزلٹ بھیجے جب تصدیق شدہ فارم 45آنا شروع ہوئے، میں سلمان اکرم راجہ کی طرح پہلی بار اس فیلڈ میں نہیں آرہا، میرے پولنگ ایجنٹ نے صبح سے لیکر رات تک پولنگ سٹیشن میں ڈیوٹی دی، میں نے میڈیا گروپ میں فارم 45شیئر کیے۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ آپ متضاد اور جھوٹے فارم 45بنارہے تھے کیونکہ آپ ہار چکے تھے، آپ نے جعلی فارم 45پر اپنی فتح کا جشن منانا شروع کردیا، اگر ن لیگ نے دھاندلی کرنی ہوتی تو تمام حلقوں میں کرتی، انہوں نے 90ارب روپے صرف خیبر پختونخوا حکومت کا استعمال کیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن کاکہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم حکومت بنانے جارہے ہیں ہمارے نمبر پورے ہوچکے ہیں، اگلے دن کہا ہم ہار رہے ہیں، اس پوزیشن میں نہیں کہ ہم حکومت بنائیں، آپ پہلے فتح کا اعلان کرتے ہیں پھر شکست کا اعلان بھی خود ہی کردیتے ہیں۔