روس کے اہم اپوزیشن رہنما کا جیل میں انتقال ہوگیا

04:59 PM, 16 Feb, 2024

ویب ڈیسک: روس کے اہم اپوزیشن رہنما کا جیل میں انتقال ہوگیا ہے جو کہ جیل میں سزا کاٹ رہے تھے۔

مقامی جیل حکام کے مطابق روسی حزب اختلاف کے رہنما الیکسی ناوالنی کا جیل میں انتقال ہو گیا۔ الیکسی ناوالنی روس کے یامالو نینٹس کے علاقے کی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ الیکسی ناوالنی کا جیل میں چہل قدمی کے دوران بیمار پڑنے کے بعد انتقال ہوا۔ ان کی موت کی اصل وجہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ 

یاد رہے کہ اگست 2020 میں ناوالنی کو سائبیریا کے دورے کے دوران انتہائی طاقتور زہر دیا گیا تھا۔ اس حملے میں وہ تقریباً ہلاک ہونے کے قریب تھے جس پر انہیںعلاج کے لیے جرمنی لے جانا پڑا۔

جنوری 2021 میں جب وہ دوبارہ روس واپس آئے تو اپنے جوش خطابت سے انہوں نے حزب اختلاف کے مظاہرین کو عارضی جوش دلا دیا لیکن انہیں جلد ہی فراڈ اور توہین عدالت کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

اس وقت سے الیکسی ناوالنی جیل میں نو سال قید کی سزا کاٹ رہے  تھے۔2010 کی دہائی میں الیکسی ناوالنی بڑے پیمانے پر حکومت مخالف ریلیوں میں پیش پیش رہے اور اس دوران انہوں نے انسداد بدعنوانی فاؤنڈیشن ایف بی کے کی جانب سے آن لائن تہلکہ خیز انکشافات کیے جس نے لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کی۔ تاہم سنہ 2021 میں اس فاؤنڈیشن پر انتہا پسندی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں