قومی اسمبلی کا 1 اور پنجاب اسمبلی کے 6 آزاد امیدوارمسلم   ن لیگ میں شامل 

07:04 PM, 16 Feb, 2024

notype

(ویب ڈیسک ) قومی اسمبلی  کے 1 اور پنجاب اسمبلی کے 6 آزاد امیدوارمسلم   ن لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید 6 نشستیں مل گئیں ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92 بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔ 

پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی اور پی پی 272 مظفر گڑھ سے جیتنے والے رانا عبدالمنان  نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

پی پی 205 خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212 خانیوال سے اصغر حیات ہراج  نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان  کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئیر نائب صدر اور نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، رشید اکبر نوانی، احمد نواز نوانی، عامر عنایت شاہانی، رانا عبدالمنان، اکبر حیات ہراج اور اصغر حیات ہراج نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف  نے آزاد ارکان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور فیصلے پر مبارکباددی۔

اس موقع پر آزاد ارکان اسمبلی  نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ   قائد محمد نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پاکستان، عوام اور پنجاب کے لئے خدمات تاریخی ہیں، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت اور قابل عمل ایجنڈا صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، اپنے حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

مریم نواز نے آزاد  ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  آپ کے جذبے اور قومی سوچ کی قدر کرتے ہیں، آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی، آپ کی حمایت پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکالنے میں بڑی مددگار ہوگی،  ہمارے لئے اقتدار نہیں، ملک اور عوام کی خدمت اہم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ   نواز شریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے،   نواز شریف آج بھی پاکستان جبکہ مخالفین اپنی ذات کی بات کر رہے ہیں،  پاکستان کو انتشار نہیں، استحکام چاہیے،  انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ہی انتشار ہے، انتشار کا نشانہ پاکستان ہے، ادارے ہیں،  پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، ان کی خدمت کا حق ادا کریں گے،  پنجاب کو ترقی کی مثال بنائیں گے۔ پاکستان کو بچانے کے لئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے، وطن پر جان بھی قربان ہے۔

مزیدخبریں