وزیر اعظم کی معروف قانون دان عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت

10:48 AM, 16 Jan, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیراعظم محمدشہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کا بیہمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے، خیبرپختونخوا حکومت یہ دہشت گردی کرنے والوں کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دلائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عبدالطیف آفریدی نے تمام عمر آئین کی سربلندی، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کی۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک اعلی قانون دان اور بہادر سیاسی راہنما تھے ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت پر انہیں یونیورسٹی سے نکال دیاگیا تھا، وہ حق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے اور نتائج کی پرواہ نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس آج آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی ایک توانا آواز خاموش ہوگئی، لالہ عبدالطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
مزیدخبریں