سنگل نیشنل کریکولم پر اساتذہ کیلئے جدید تربیتی پروگرام کا آغاز
01:38 PM, 16 Jul, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) بزدار حکومت نے اساتذہ کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لیے احسن ترین اقدام اٹھاتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سنگل نیشنل کریکولم کے بارے میں تربیت دینے کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں قائداعظم اکیڈمی برائے ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سنگل نیشنل کریکولم کے تربیتی سیشن کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ انھوں نے سنگل نیشنل کریکولم کے تربیتی سیشن کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم اکیڈمی فارایجوکیشن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام مجموعی طورپر 3لاکھ19ہزار سے زائد اساتذہ کو ٹریننگ دی جائے گی جن میں 2لاکھ سے زائد سرکاری سکولوں کے اساتذہ اورایک لاکھ18ہزار سے زائد نجی سکولوں کے اساتذہ شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ سب کے لیے یکساں نظام تعلیم (ون سسٹم آف ایجوکیشن فار آل) وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔ یاد رہے کہ صوبائی کابینہ نے گزشتہ دسمبر میں سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دی۔ قائداعظم اکیڈمی برائے ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور ایجوکیشن مینجرز کے لیے پیشہ ورانہ ٹریننگ کا انعقاد کررہی ہے اور یہ ٹریننگ وفاقی حکومت کے ماڈیول کے تحت کی جائے گی۔ نوٹیفائیڈ کمیٹی نے اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے 48لیڈ ٹرینرز کا انتخاب کیااور شفاف سلیکشن پراسس کے تحت پبلک اورپرائیویٹ سیکٹرز سے 1716ماسٹر ٹرینرزکا انتخاب کیاگیا۔ انھوں نے کہا کہ ہائبریڈ سنگل نیشنل کریکولم ٹریننگ ماڈل کی 6روزہ ٹریننگ میں اساتذہ کرام کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ مائیکرو سافٹ سے 365آفس سافٹ ویئر کے 5 لاکھ فری لائسنس حاصل کیے جا چکے ہیں۔ ٹرینرز کے لیے 3لاکھ70ہزار ٹول حاصل کیے گئے ہیں۔ پرائمری سکول ٹیچرز، ایم ایس ٹیم کوای لرننگ سسٹم کے طورپر استعمال کر کے طلبہ کو شیڈول لیکچر دے سکیں گے۔ اس سسٹم کے ذریعے کلاس، نوٹس اور اسائنمنٹ کا تبادلہ بھی ممکن ہوگا۔ ٹریننگ کے پہلے راؤنڈ کی رجسٹریشن اورانرولمنٹ پورٹل کا آغاز 26جون سے ہوچکا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اساتذہ کرام پروفیشنل ٹریننگ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو جلا بخشیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مرادراس اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار آن لائن ٹریننگ پروگرام کے آغاز پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے یہ پروگرام انتہائی اچھا اقدام ہے۔ ہماری حکومت نے صوبے میں ہزاروں سکول اپ گریڈ کیے ہیں۔ پنجاب میں 70 برس کے دوران اتنے سکول اپ گریڈ نہیں ہوئے جتنے 3 برس میں ہماری حکومت نے کیے۔ پنجاب حکومت محکمہ تعلیم میں اصلاحات پروگرام کو مزید آگے بڑھائے گی اور انشاء اللہ تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اساتذہ کی آن لائن تربیت کا بہترین پروگرام لانچ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی پوری ٹیم نے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کے لیے بہت محنت کی ہے۔ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے ساتھ پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کو بھی تربیت دی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون پر مائیکرو سافٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام پر پنجاب حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تعلیم کے فروغ کے لیے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔ آن لائن ٹیچرز ٹریننگ کے اس پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے وزیراعلی عثمان بزدار کا تعاون لائق تحسین ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شعبہ تعلیم میں دور رس اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ان اصلاحات سے شعبہ تعلیم کو ریفارم کیا جا رہا ہے۔ آن لائن ٹیچرز ٹریننگ پروگرام ایک منفرد اقدام ہے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔