پنجاب کے ضمنی الیکشن میں کس کا پلڑا بھاری؟
05:42 AM, 16 Jul, 2022
صوبہ پنجاب کے چودہ اضلاع کی 20 نشستوں پر مورخہ 17 جولائی بروز اتوار کو ضمنی الیکشن کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، جس میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ پنجاب کے جن اضلاع میں اتوار کو ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں ان میں بھکر، لیہ، جھنگ، لودھراں، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، ملتان، بہاولنگر، ساہیوال، فیصل آباد، شیخوپورہ، خوشاب، راولپنڈی اور لاہور کے حلقے شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں پی پی 288 ڈیرہ غازی خان، پی پی 282 لیہ، پی پی 272 مظفر گڑھ، پی پی 237 بہاولنگر، پی پی 228 لودھراں، پی پی 224 لودھراں، پی پی 217 ملتان، پی پی 202 ساہیوال، پی پی 170 لاہور، پی پی 168 لاہور، پی پی 167 لاہور، پی پی 158 لاہور، پی پی 140 شیخوپورہ، پی پی 127 جھنگ، پی پی 125 جھنگ، پی پی 97 فیصل آباد، پی پی 90 بھکر، پی پی 83 خوشاب اور پی پی 7 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن ہوں گے۔ وائس آف امریکا میں شائع رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 14 اضلاع میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 900 ہے جس میں سے مرد ووٹرز 24 لاکھ ساٹھ ہزار 206 ہیں جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 21 لاکھ 19 ہزار 694 ہے۔ ان ووٹرز کے لئے تین ہزار 129 پولنگ سٹیشنز بنائے جائیں گے جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 9 ہزار 599 ہوگی۔ پی پی 282 لیہ اس حلقے میں محمد طاہر رندھاوا مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے قیصر عباس مگسی کا مقابلہ کریں گے۔ 2018 کے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے محمد طاہر رندھاوا نے کامیابی حاصل کی تھی اور بعد میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ قیصر عباس سال 2008 اور 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر دو بار رکن اسمبلی پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ پی پی 273 مظفر گڑھ ضمنی انتخاب میں یہاں پی ٹی آئی کے منحرف رکن محمد سبطین رضا مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ہیں اور ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار یاسر عرفات خان جتوئی سے ہوگا۔ پی پی 288 ڈیرہ غازی خان پنجاب کے اس حلقے سے ڈی سیٹ ہونے والے محسن عطا کھوسہ اس مرتبہ الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ ان کی جگہ موجودہ ایم این اے امجد فاروق خان کھوسہ کے صاحبزادے عبدالقادر خان کھوسہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ہیں۔ ان کے مدِمقابل پی ٹی آئی کے سیف الدین کھوسہ ہیں۔ پی پی 272 مظفر گڑھ اس حلقے سے زہرہ باسط سلطاف بخاری مسلم لیگ(ن) کی امیدوار ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار معظم علی جتوئی ہیں۔ پی پی 237 بہاولنگر یہاں منحرف رکن فدا حسین مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کے مدِ مقابل پی ٹی آئی کےامیدوار ہیں۔ پی پی 228 لودھراں پنجاب کے اس حلقے میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن نذیر احمد بلوچ کا مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے کیپٹن (ر) عزت جاوید خان سے ہوگا۔ پی پی 224 لودھراں اس حلقے میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن زوار حسین وڑائچ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے عامر اقبال شاہ ہیں۔ اس سے قبل عامر اقبال کے والد سید اقبال نے ضمنی انتخاب میں اس حلقے میں جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو شکست دی تھی۔ پی پی 217 ملتان یہاں پی ٹی آئی کے منحرف ایم پی اے سلیمان نعیم مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ سابق وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی سے ہوگا۔ سلیمان نعیم نے 2018 کے عام انتخابات میں شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی اور پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔ پی پی 202 ساہیوال اس حلقے میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن ملک نعمان لنگڑیال مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے میجر (ر)غلام سرور کے مدِمقابل ہوں گے۔ پی پی 170 لاہور صوبائی دارالحکومت کے اس حلقے میں مسلم لیگ(ن) کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے محمد امین ذوالقرنین کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے ظہیر کھوکھر سے ہوگا۔ پی پی 168 لاہور یہاں پی ٹی آئی کے منحرف رکن ملک اسد علی کھوکھر مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر جب کہ ملک نواز اعوان پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آمنے سامنے ہوں گے۔ پی پی 167 لاہور اس حلقے میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن ںذیر احمد چوہان، جن کا تعلق جہانگیر ترین گروپ سے ہے۔ وہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پرالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے شبیر گجر سے ہوگا۔ پی پی 158 لاہور یہاں پی ٹی آئی کے منحرف رکن علیم خان الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔ ان کی جگہ مسلم لیگ(ن) کے احسن شرافت اور پی ٹی آئی کے اکرم عثمان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پی پی 140 شیخوپورہ اس حلقے میں پی ٹی آئی کے منحرف علیم خان گروپ کے رکن خالد محمد مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے خرم شہزاد ورک کا مقابلہ کریں گے۔ پی پی 127 جھنگ یہاں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے مہر محمد اسلم بھروانہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے مہر محمد نواز بھروانہ کے مدِمقابل ہوں گے۔ 2018 کے عام انتخابات میں مہر اسلم 790 ووٹوں کی برتری لے کر مہر نواز سے کامیاب ہوئے تھے۔ پی پی 128 جھنگ اس حلقے میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن فیصل حیات مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے محمد اعظم چیلہ سے ہوگا۔ پی پی 97 فیصل آباد پی ٹی آئی کے منحرف رکن اور سابق صوبائی وزیر محمد اجمل چیمہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد افضل کے بیٹے علی افضل ساہی سے ہوگا۔ محمد اجمل 2018 کے انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے اور بعد ازاں پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے تھے۔ البتہ علی افضل ساہی دوسرے نمبر پر تھے۔ پی پی 90 بھکر یہاں پی ٹی آئی کے منحرف رکن سعید اکبر خان نوانی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے عرفان اللہ نیازی سے ہوگا۔ عرفان نیازی ضلع میں مسلم لیگ(ن) کے سابق جنرل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ سابق وزیرِاعظم عمران خان کے رشتے دار بھی ہیں۔ پی پی 83 خوشاب اس حلقےمیں پی ٹی آئی کے منحرف رکن ملک غلام رسول کے بھائی امیر حیدر سنگھان الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ رکن قومی اسمبلی عامر اسلم کے چھوٹے بھائی حسن اسلم سے ہوگا، جو پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی پی 7 راولپنڈی اس نشست پر پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجہ صغیر احمد کا مقابلہ شبیر اعوان سے ہوگا۔ راجہ صغیر مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ شبیر اعوان پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔