قیدیوں کے کھانے کے بجٹ میں اضافہ، ٹیلیفونک گفتگو کا دورانیہ ماہانہ 300 منٹ تک بڑھا دیا گیا

04:31 PM, 16 Jul, 2023

احمد علی
لاہور: نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے پنجاب بار کونسل کی جیل ریفارمز کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی،قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دینے کیلئے تجاویز پر بات چیت کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیر اعلی آفس میں پنجاب بار کونسل کی جیل ریفارمز کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی۔ جس میں جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دینے کیلئے تجاویز پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب بار کونسل کی جیل ریفارمز کمیٹی کی قابل عمل تجاویز کاخیر مقدم کرے گی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قیدیوں کے کھانے کے بجٹ میں اضافہ کیا گیاہےاور قیدیوں سے اہل خانہ سے ٹیلی فونک گفتگو کا دورانیہ ماہانہ 300منٹ تک بڑھا دیا گیاہے۔ جیل ہسپتالوں کا انتظام محکمہ صحت کے سپرد کیا جارہاہے۔ جیلو ں میں قیدیوں کے لئے بیکری او ریوٹیلیٹی سٹور قائم کئے جارہے ہیں۔جیلو ں میں پنکھے اور کولر پوری طرح فنکشنل ہیں۔جیل سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی جا رہی ہے۔ پنجاب بار کونسل کے وفد نے قیدیوں کو فری لیگل ایڈ مہیا کرنے کی پیش کش کی۔چیئرمین کمیٹی پیر عمران اکرم بودلہ نے وز یراعلیٰ کو جیل اصلاحات سے متعلق سفارشات پیش کیں۔صوبائی مشیرکنور دلشاد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری قانون اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزیدخبریں