ڈی آئی خان میں دیہی مرکز صحت پر فائرنگ، 5 شہریوں سمیت 2 جوان شہید

06:52 PM, 16 Jul, 2024

ویب ڈیسک: دہشت گردوں کا ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت کری شموزئی پر بزدلانہ حملہ، تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے دیہی مرکز صحت کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کی،جس کے نتیجے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے اور ایک چوکیدار سمیت پانچ بے گناہ شہری شہید ہو گئے،آر ایچ سی میں کلیئرنس آپریشن کے لیے  موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا ۔

  فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

 شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار محمد فاروق (عمر 44 سال، ساکن ضلع نارووال) اور سپاہی محمد جاوید اقبال (عمر 23 سال، ساکن ڈسٹرکٹ خانیوال) نے جام شہادت نوش کیا۔

علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے کا سینئٹائزیشن  جاری ہے، معصوم شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 شہید نائب صوبیدار محمد فاروق

44 سالہ نائب صوبیدار محمد فاروق شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے،شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے نائب صوبیدار محمد  فاروق شہید نے 25 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا ،نائب صوبیدار محمد فاروق شہید نے سوگواران میں اہلیہ، دوبیٹیاں اور  دو بیٹے چھوڑے ۔

شہید سپاہی محمد جاوید اقبال

ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے  سپاہی محمد جاوید اقبال شہید کی عمر 23سال ہے،سپاہی محمد جاوید اقبال شہید نے 3 سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں ،سپاہی محمد جاوید اقبال  شہید نے سوگواران میں  والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔

وزیراعظم آفس سے جاری کردہ  پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی شموزئی میں قائم دہی مرکزِ صحت (RHC) پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ  میں مذمت کی  ہے.

وزیرِ اعظم نے  شہداء کے لئے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی  کے  عفریت کو ختم کرکے دم لیں گے، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معصوم بچوں اور عورتوں ہر حملہ کرنے والے بزدل دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے دپشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

مزیدخبریں