عمران خان نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی

03:34 PM, 16 Jun, 2022

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کی عوام کو اتوار 19جون 2022 کو رات 9 بجے احتجاج کی کال دے دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری کیا۔ عمران خان نے پاکستان کی عوام کو اتوار 19جون 2022 کو رات 9 بجے احتجاج کی کال دے دی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اس پر بات کرنا چاہتا ہوں، اپنا اگلا لائحہ عمل دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں بحیثیت قوم اس صورتحال سے کیسے نمٹنا چاہیے، ہمارے دور حکومت میں اتحادیوں اور پارٹی سے لوٹے ہونے والے افراد نے کہا کہ بہت زیادہ مہنگائی ہے اور حکومت نااہل ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں کہہ رہی تھیں کہ ہماری حکومت نا اہل ہے اس کو گرانا چاہیے، آج تک جتنی حکومت نکالی گئی،کرپشن پر نکالی گئیں،مگر ہماری حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں کہ بتا دیں کہ عمران خان نے کوئی کرپشن کی ہو، ہمارے زمانے میں بھی پٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ میں زیادہ تھی اور آئی ایم ایف کا پریشر بھی تھا، عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے ہم نے پٹرول اور ڈیزل پ 200 روپے کی سبسڈی دی،آئی ایم ایف نے کہا پیٹرول مہنگا کرو ہم نے 10 روپے سستا کردیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پٹرول کی قیمت کو 85 روپے فی لیٹر بڑھا کر 233 روپے کر دیا اور مزید مہنگا ہوگا، ہمارے زمانے میں ڈیزل 145 روپے فی لیٹر تھا،ٹرانسپورٹرز اور کسانوں کو ریلیف دیا، امپورٹڈ سرکار نے ڈیزل کی قیمت 115 روپے فی لیٹر بڑھا کر 260 روپے کر دی ہے اور مزید مہنگا ہو گا، ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمت کسانوں کو سب سے زیادہ متاثر کرے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت بجلی 16 روپے فی یونٹ پر چھوڑ کر گئی، آج 29.5 روپے فی یونٹ تک پہنچ چکی ہے، امپورٹڈ حکومت نے خود اعلان کیا کہ بجلی کی قیمت ابھی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1100 روپے کا تھا،آج وہ 1500 روپے پر پہنچ چکا ہے، ہمارے دور میں گھی کی فی کلو قیم 400 روپے تھی،آج کی قیمت فی کلو 650 روپے فی کلو پر پہنچ چکی ہے، تحریک انصاف کے دور میں ڈالر 178 روپے کا تھا، 30 روپے مہنگا ہو کر آج ڈالر 208 روپے پر پہنچ چکا ہے ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے دورحکومت کے تیسرے سال میں بیرونی خسارہ بالکل کم کر دیا،روپے کی قدر میں ابھی مزید کمی آئے گی اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا، اکنامک سروے کی رپورٹ کے مطابق ہمارے آخری دو سالوں میں پاکستان کی معیشت بہترین انداز میں چل رہی تھی، شرح نمو 6 فیصد تھی اور پاکستان ترقی کر رہا تھا۔ عمران خان نے پیغام میں کہا کہ ہماری حکومت کو تب ہٹایا گیا جب پاکستان کی معیشت اوپر جا رہی تھی، ہماری انڈسٹری 7.2 فیصد،زراعت 4.4 فیصد بڑھ رہی تھی اور اسکی بدولت ملک میں خوشحالی آ رہی تھی، ہمارے دور میں جتنا پیسہ کسانوں کے پاس گیا کبھی اتنا نہیں گیا، تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں 55 لاکھ نوکریوں کے مواقع پیدا ہوئے، ہمارے دور میں سارے برصغیر میں جس ملک میں سب سے کم بے روزگاری تھی وہ پاکستان تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انکا سازش کرکے اقتدار میں آنے کا مقصد مہنگائی نہیں کچھ اور تھا، ان کو معیشت سنبھالنے کی سمجھ آئے نہ مہنگائی کو کنٹرول کر پا رہے ہیں، ان کا سارا مقصد صرف اور صرف این آر او 2 لینا اور اپنی چوری کے کیس کو بند کرنا ہے، مشرف نے پہلے این آر او دے کر ان کی تمام چوری معاف کر دی تھی، انکا نیب اور ایف آئی اے کو منجمند کر کے چوری بچانے کا پلان ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ڈاکٹر رضوان،مقصود چپڑاسی اور دیگر تحقیقاتی افسران کی موت ہوچکی ہے، ان کا مقصد الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر دھاندلی کر کے دوبارہ مسلط ہونا بھی ہے۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں 60 سال کے بعد دس بڑے ڈیمز شروع کیے گئے، ہم نے ڈیمز کی تعمیر شروع کر کے کسانوں،زراعت اور پانی کی قلت کے حوالے سے سوچا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ماحولیات پر خصوصی توجہ دی، 10 بلین ٹری سونامی کو دنیا بھر میں سراہا گیا، ریکوڈک کیس کی اچھی طرح پیروی کرکے ملک کو بڑے جرمانے سے بچایا، ہماری حکومت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ایک ہزار ارب روپیہ بچایا، ہم نے پاکستان کی سڑکیں معیاری اور انتہائی کم قیمت پر بنائیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کو کہتا ہوں کہ اگر ہم نے کوئی لائحہ عمل اختیار نہ کیا تو ملک تباہ ہو جائے گا، میں ساری قوم کو اتوار کے روز پرامن احتجاج کے لیے رات 9 بجے دعوت دے رہا ہوں، امید کرتا ہوں کہ تمام لوگ پرامن احتجاج کے لیے نکلیں گے، پاکستان کے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ویڈیو لنک کے ذریعے رات 10 بجے آپ سب سے بات کروں گا، چاہتا ہوں کہ ان کرپٹ لوگوں کو پیغام جائے کہ اگر سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں سازش کی؟ ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا یہ ہمارا جمہوری حق ہے۔
مزیدخبریں