کراچی سے خطرہ ٹل گیا،سمندری طوفان آج کمزورہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوجائیگا

03:05 PM, 16 Jun, 2023

احمد علی
کراچی سے بپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا ہے ، سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ کیٹی بندر سے طوفان 125 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے جب کہ شہر قائد سے طوفان 225 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے، اس وقت طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار تقریباً 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ طوفان کی وجہ سے شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10 سے 15 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں جب کہ کیٹی بندر اور اطراف میں لہریں 6 سے 8 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں ۔ حیدرآباد، کراچی، شہید بینظیر آباد ، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار میں آج تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان بھی ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جب کہ مکران اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں طغیانی بھی رہ سکتی ہے، بدین،میرپور خاص،ٹھٹھہ، سجاول، تھرپارکر اورعمرکوٹ کے اضلاع میں 17 جون تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ حکام کے مطابق نقل مکانی کرنے والوں کو مزید تھوڑا سا وقت کیمپوں میں ہی گزارنا ہوگا،81 ہزار سے زائد افراد طوفان کے باعث گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کرلیا ہے۔ طوفان کیٹی بندر سے 125 کلو میٹر جنوب اور جنوب مغرب میں ہے، طوفان پہلے کمزور ہوکر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہو گا۔
مزیدخبریں