2 وکلاء کو قتل کرنے والا ملزم اہلکار 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

03:20 PM, 16 Jun, 2024

ویب ڈیسک: اٹک میں 2 وکلاء کو قتل کرنے والے ملزم پولیس اہلکار کو جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی پیش کردیا گیا جبکہ عدالت نے ملزم کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اٹک پولیس کے حوالے کردیا، گزشتہ روزملزم نے ضلع کچہری اٹک میں 2 وکلاء کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اٹک کچہری میں 2 وکلاء کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم پولیس اہلکار کو راولپنڈی کے ڈیوٹی جج عادل سرورسیال کی عدالت میں پیش کیا گیا۔اٹک پولیس نے عدالت سے 10 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے ملزم کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزم کا ڈی این اے کروانے کی ہدایت بھی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزملزم کے خلاف ضلع کچہری اٹک میں 2 وکلاء کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا مقدمہ دہشت گردی اور دیگردفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں