اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

05:44 AM, 16 Mar, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر خزانہ کی زیرصدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریزنے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا جس میں سیکرٹری خزانہ نے قومی پرائس کمیٹی کو مہنگائی پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 7 میں کمی ہوئی جبکہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.57 فیصد کمی ہوئی، وزارت صنعت و پیداوار نے ملک میں چینی کی قیمتوں پر بریفنگ دی۔ چینی، گندم کی درآمد سے قیمتوں میں کمی آئے گی۔ گھی، خوردنی تیل کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزارت صنعت وپیداوار کے مطابق رمضان المبارک میں 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی اور ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ بریفنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پنجاب اور سندھ میں چینی کی قیمتیں زائد ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ نے کمیٹی کو قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں